مینگلور3؍اپریل(ایس او نیوز) مینگلور سے قریب 85 کلو میٹر دور ضلع جنوبی کینرا کے کڈبا ٹاون پنچایت سے متصل احاطے میں واقع شہر کو پانی سپلائی کرنے والی ٹینک اب اتنی خستہ حالت میں ہے کہ وہ کبھی بھی ٹوٹ کر گر سکتی ہے، جس سے جانی و مالی نقصانات کا خدشہ پیدا ہوگیا اور لوگ خوف کے سایے میں جینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ یہ ٹینک آج سے چالیس سال قبل تعمیر کی گئی تھی۔ لیکن اس کی دیکھ بھال پر پوری طرح توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے اس وقت آدھی سے زیادہ ٹینک میں کیچڑ اور کچرا جمع ہوگیا ہے۔بتایاجارہا ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے حفظان صحت کے اصولوں پر کوئی دھیان نہیں دیا جا رہا تھا۔
اب صورت حال یہ ہے کہ 50 ہزار لیٹر پانی کا ذخیرہ رکھنے والی یہ ٹینک جن چار کھمبوں پر کھڑی ہے ان سب میں بڑے بڑے شگاف پیدا ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ٹینک کسی بھی وقت زمین بوس ہوسکتی ہے ۔ خطرہ یہ ہے کہ اگر ایسا ہوا تو اس سے بڑے جانی و مالی نقصانات ہوسکتے ہیں۔ خاص کر دن کے دفتری اوقات میں اگر ٹینک زمین بوس ہوتی ہے تو ایک بڑا المیہ پیش آ سکتا ہے ۔